واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق طے پا گیا ہے، جس کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مثبت بات چیت کی، جس کے بعد دونوں فریق شام 5 بجے (ایسٹرن ٹائم) سے جنگ بندی شروع کرنے پر راضی ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے نمائندوں کی طویل عرصے بعد واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات ہوئی، جس میں امریکی حکام بھی شریک تھے۔
ٹرمپ کے مطابق امریکی نائب صدر، وزیر خارجہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دونوں ممالک کے ساتھ مل کر پائیدار امن کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس سے قبل بھی مختلف عالمی تنازعات کے حل میں کردار ادا کر چکے ہیں اور امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت خطے میں مستقل امن کی بنیاد بن سکتی ہے۔