مدینہ منورہ : وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ جدہ سے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ گورنر مدینہ نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم کا استقبال کیا جس کے بعد وہ براہِ راست مسجدِ نبویﷺ روانہ ہوئے۔وزیراعظم شہباز شریف کے لیے روضہ رسولﷺ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے، جہاں انہوں نے عقیدت و احترام کے ساتھ حاضری دی۔
وزیراعظم نے روضہ رسولﷺ کے سامنے کھڑے ہو کر بارگاہِ رسالتﷺ میں ہدیہ درود و سلام پیش کیا۔ انہوں نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہو کر ملک و قوم کی سلامتی کی دعا کی۔
حاضری کے دوران وزیراعظم نے انتہائی رقت آمیز انداز میں پاکستان کی معاشی خوشحالی، سیاسی استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ انہوں نے دنیا بھر میں جاری تنازعات کے خاتمے اور عالمِ اسلام کے اتحاد و یگانگت کے لیے بھی اللہ کے حضور التجا کی۔
گورنر مدینہ نے وزیراعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا اور انہیں روضہ رسولﷺ کی حاضری کی سعادت پر مبارکباد پیش کی۔ وفد میں شامل وفاقی وزراء نے بھی روضہ اقدسﷺ پر حاضری دی اور بارگاہِ الہیٰ میں ملک کی بہتری کے لیے دعائیں مانگیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی مسجدِ نبویﷺ میں حاضری، روضہ رسولﷺ کی زیارتِ خاص اور ملک و قوم کے لیے دعائیں
10:48 AM, 16 Apr, 2026