جدہ: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں ہونے والی اپنی ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اب ایک نئی اور مضبوط سٹریٹجک شراکت داری میں بدل رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی حالیہ کوششوں کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ بندی اور تاریخی امن مذاکرات میں کلیدی سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مدبرانہ قیادت اور علاقائی کشیدگی کے دوران ان کے غیر معمولی "صبر و تحمل" کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
شہباز شریف نے مملکتِ سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل اور غیر مشروط حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات "منفرد اور بے مثال" ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ہم اپنی پائیدار شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں، جو ہمارے گہرے تاریخی اور برادرانہ رشتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے اپنی مخلصانہ امن کوششوں کی حمایت کرنے پر سعودی ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ پاکستان خطے میں استحکام کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔