اسلام آباد:پاکستان کو توانائی بحران سے نمٹنے میں بڑی سہولت مل گئی، کویت نے تیل کی خریداری کے لیے دی جانے والی کریڈٹ سہولت میں مزید دو سال کی توسیع کر دی۔ یہ سہولت پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کو کویت پیٹرولیم کی طرف سے دی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور کویتی سفیر کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں نے توانائی کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دوست ممالک کی مدد سے معاشی اصلاحات میں کامیابی حاصل کی ہے۔
کویتی سفیر نے بھی پاکستان کی معاشی بہتری پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ کویت پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔