لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں آلودگی کے خاتمے اور ماحول کے تحفظ کے لیے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے "ماحولیاتی تحفظ فورس" کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے لاہور میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاسنگ آؤٹ پریڈ بھی شامل تھی۔
تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے خصوصی شرکت کی، جبکہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی، قومی ترانہ بجایا گیا، اور ماحولیاتی تحفظ فورس کے ویجیلینس اسکواڈ نے وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی۔
مریم اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ فورس کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھی اور یہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے پختہ عزم کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ماحولیات کے شعبے کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، لیکن موجودہ حکومت نے اس اہم معاملے پر نہ صرف توجہ دی بلکہ وسائل بھی فراہم کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صرف ایک سال میں اس وژن کو حقیقت میں بدلا گیا ہے، اور پہلی بار صوبے کی تاریخ میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھاری بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ نئی فورس کو جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ آلودگی جیسے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔