ملک کے مختلف حصو ں میں گرج ْْچمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

11:39 AM, 16 Apr, 2025

لاہور : محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران ملک کے کئی حصوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ آج سے شروع ہو کر 20 اپریل تک جاری رہ سکتا ہے۔

محکمے کے مطابق دن کے وقت زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، لیکن شام اور رات کے وقت خصوصاً اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، میانوالی، مری، گلیات، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد میں دن میں گرمی جبکہ شام کے وقت گرج چمک، آندھی اور کہیں کہیں تیز بارش کی توقع ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں جیسے اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، گجرات، نارووال، حافظ آباد میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں سوات، دیر، پشاور، کرم، باجوڑ، کوہاٹ، کرک اور دیگر اضلاع میں جھکڑ اور بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے کچھ حصے جیسے ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، لورالائی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم بالائی اور وسطی علاقوں میں دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو جنوبی پنجاب، ساہیوال اور اوکاڑہ میں بھی تیز ہوائیں اور گرد آلود طوفان آ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور کسانوں کو فصلوں کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں