مصنوعی ذہانت (AI) کی موجودہ عالمی دوڑ بلا شبہ ایک نئی "ڈیجیٹل سرد جنگ" کی صورت اختیار کر چکی ہے جہاں روایتی سپر پاورز بارود کی بجائے الگورتھم کی بنیاد پر عالمی بالادستی قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اس تکنیکی انقلاب کی باگ ڈور امریکہ اور چین جیسے معاشی و ٹیکنالوجی کے جنات، گوگل، مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی جیسی چند بڑی نجی کمپنیوں اور دنیا کے صف اول کے سائنسی ماہرین کے ہاتھوں میں ہے۔
یہ الگورتھم انسانوں کے لیے جہاں لاتعداد مواقع لائے ہیں وہیں سنگین خدشات بھی پیدا کر رہے ہیں۔ بیماریوں کی بروقت تشخیص اور نئی ادویات کی منٹوں میں تیاری صنعتی عمل کو تیز تر بنانا اور پیچیدہ ڈیٹا کا لمحوں میں تجزیہ ہر انسان کے لیے ذاتی علم اور سائنسی تحقیق کی رفتار میں بے پناہ اضافہ، روایتی ملازمتوں کے ختم ہونے اور شدید بے روزگاری کا اندیشہ گہرے پرفریب ڈیپ فیکس اور جعلی معلومات کے ذریعے سماجی انتشار انسانی زندگی کی ہر سرگرمی پر الگورتھم نگرانی مصنوعی ذہانت کا مستقبل محض ایک تکنیکی تبدیلی نہیں بلکہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا موڑ ہے آنے والے دنوں میں فتح اس کی نہیں ہوگی جس کے پاس سب سے زیادہ ہتھیار ہیں بلکہ اس کی ہوگی جس کے پاس مصنوعی ذہانت سب سے زیادہ طاقتور ہے اگر عالمی برادری نے اس دوڑ کو کسی ضابطے یا اخلاقی اصولوں کے تابع نہ کیا تو خود ساختہ ذہانت انسان کی اپنی بقا کے لیے سب سے بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔
مصنوعی ذہانت اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے دور میں یہ خدشات اور احساسات عام ہیں کہ یہ انقلاب انسانی ذہن، نظریات اور مذہبی اقدار کو متاثر کر سکتا ہے ٹیکنالوجی کی بے پناہ طاقت، معلومات کی تیز ترین رسائی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے خیالات کی تشکیل نے عالمی سطح پر ایک نیا فکری اور نظریاتی معرکہ برپا کر دیا ہے جب کسی تکنیکی وسیلے کے ذریعے معلومات کو من پسند سانچے میں ڈھالا جا سکتا ہو تو یہ بات بالکل فطری ہے کہ حقائق کی مسخ شدہ شکل یا تحریف شدہ مواد کے ذریعے آنے والی نسلوں کے عقائد، دینی تصورات اور فکری اساس کو متاثر کرنے کا خطرہ محسوس کیا جائے۔
مصنوعی ذہانت کے فریب سچائی کی حرمت اور صحافت کا وقار ہمیشہ سے جمہوریت کے وہ بنیادی ستون رہے ہیں جن پر عوام کا اعتماد قائم رہتا ہے تاہم مصنوعی ذہانت اور ڈیپ فیکس کے اس عصرِ نو میں انسان اپنی ہی تخلیق کردہ ٹیکنالوجی کے انتہائی گہرے اور پیچیدہ فریب کا شکار ہوتا دکھائی دے رہا ہے خبروں کے روایتی سچ کو اب جدید الگورتھمز کے ذریعے اس انداز میں مسخ کیا جا رہا ہے کہ حقیقت اور سراب کا فرق مٹ کر رہ گیا ہے۔
صحافت جو کبھی ریاست کا چوتھا ستون اور جمہوریت کی نگہبان سمجھی جاتی تھی آج مصنوعی بیانیے اور ڈیجیٹل جوڑ توڑ کے نرغے میں ہے جب انتخابات کے موقع پر جعل سازی پر مبنی ویڈیوز، جعلی آڈیوز اور پرفریب ڈیپ فیکس کے ذریعے عوامی رائے کو گمراہ کیا جاتا ہے تو اس سے نہ صرف صحافتی شفافیت اور غیر جانبداری مجروح ہوتی ہے بلکہ پورے جمہوری نظام کی روح پر گہرا زخم لگتا ہے سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ ثابت کرنے کی اس تکنیکی دوڑ نے جمہوری اقدار عوامی فیصلہ سازی اور سیاسی استحکام کو ایک ہولناک بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ اگر صحافت نے سچ کی پاسداری کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا اور جمہوریت کو مصنوعی ذہانت کی ہیرا پھیری سے نہ بچایا گیا تو عوامی اعتماد کا شیرازہ بکھر جائے گا وقت کا تقاضا ہے کہ انسان ٹیکنالوجی کا غلام بننے کے بجائے اخلاقی ضوابط کی ڈھال سے سچ کی بقا کو یقینی بنائے۔
یہ صورت حال جہاں شدید تحفظات کو جنم دیتی ہے وہاں یہ عالم اسلام اور تمام اہل علم کے لیے ایک بڑا لمحہ فکریہ بھی ہے ٹیکنالوجی بذات خود ایک بے روح آلہ یا وسیلہ ہے جسے استعمال کرنے والوں کی نیت اور مقاصد ہی اس کے اثرات کا تعین کرتے ہیں اگر اس میدان کو صرف دوسروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے تو غلط معلومات اور گمراہ کن بیانیے کا غلبہ ممکن ہے اس کا حقیقی اور مو¿ثر جواب یہ نہیں کہ اس سے کنارہ کشی اختیار کی جائے بلکہ یہ ہے کہ مسلمان ٹیکنالوجی کی اس دوراہے پر محض خاموش تماشائی بننے کے بجائے اس میں پیش رفت کریں۔
وقت کا تقاضا ہے کہ اپنے دین، قرآن، سنت اور سائنسی علوم کی روشنی میں اس ٹیکنالوجی کا مثبت اور دانشمندانہ استعمال سیکھا جائے اپنے علمی اثاثے کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ دینی اداروں اور جدید سائنس دانوں کے اشتراک سے ایسے مستند ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کے ماڈلز تیار کیے جائیں جو سچائی دینی احکامات اور تاریخی حقائق کی صحیح ترجمانی کریں جب تک ہماری آنے والی نسلیں مضبوط علمی بنیادوں سے آراستہ ہوں گی اور ہم خود اس ٹیکنالوجی کو حق کے فروغ کا ذریعہ بنائیں گے تب تک کوئی بھی منفی فکری اثر یا سازش ہمارے دینی و ثقافتی شیرازے کو نقصان نہیں پہنچا سکے گی۔
پاکستان میں مصنوعی ذہانت کی تعلیم دینے والے اداروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ہر سال ہزاروں کی تعداد میں نکلنے والے ڈگری ہولڈرز ایک بہت بڑے سوالیہ نشان کا روپ دھار رہے ہیں نوجوان نسل جس جنون اور د±ھن میں اس ٹیکنالوجی کو اپنا مستقبل سمجھ کر دوڑ رہی ہے انہیں یہ سمجھنا ہوگا کہ صرف کوڈنگ یا الگورتھم کی بنیادی سمجھ حاصل کر لینا روزگار کی ضمانت نہیں ہے ملک کے موجودہ معاشی حالات محدود صنعتی ڈھانچے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سست روی کے باعث اتنی بڑی تعداد میں نکلنے والے فارغ التحصیل افراد کے لیے مقامی مارکیٹ میں کھپت کے مواقع انتہائی محدود ہیں اگر پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی ریسرچ لیبز، جدید ڈیٹا سینٹرز اور عالمی سطح کی ٹیک کمپنیاں موجود نہیں ہوں گی تو محض ڈگریوں کے ساتھ مارکیٹ میں آنے والے نوجوانوں کو شدید بے روزگاری اور فکری مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عالمی سطح پر بھی مصنوعی ذہانت خود اپنے ہی پیدا کردہ ماہرین کے کام کو تیز تر اور خودکار بنا رہی ہے جس کا مطلب ہے کہ آنے والے وقت میں روایتی اور معمولی صلاحیتوں کے حامل اے آئی ڈیولپرز کے لیے فری لانسنگ یا بین الاقوامی منڈیوں میں بھی جگہ بنانا بے حد مشکل ہو جائے گا صرف وہی چند افراد جگہ بنا سکیں گے جو تخلیقی فکر، غیر معمولی مہارت اور جدید تحقیق سے آراستہ ہوں گے محض ٹیکنالوجی کے نام کا بھوت سر پر سوار کر کے ایک اندھی دوڑ میں شامل ہو جانا کسی طور دانشمندی نہیں ۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ وقتی رجحانات کے پیچھے بھاگنے کے بجائے اپنی بنیاد کو مضبوط کریں اپنے حقیقی رجحان کا تنقیدی جائزہ لیں اور یہ فیصلہ کریں کہ آیا وہ واقعی اس شعبے کی باریکیوں اور سخت عالمی مقابلے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں یا محض دیکھا دیکھی ایک ایسے سراب کے پیچھے بھاگ رہے ہیں جس کی منزل کا انجام بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں۔
ڈیجیٹل فریب
09:14 AM, 16 Sep, 2026