رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ، سعودی عرب کیساتھ تجارتی خسارے میں کمی

08:27 PM, 15 Sep, 2026

کراچی: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی خسارے میں رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران 18.37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جولائی اور اگست 2026 کے دوران پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ تجارتی خسارہ 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں تجارتی خسارہ 57 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سعودی عرب کو پاکستان کی برآمدات 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ سال جولائی اور اگست کے دوران برآمدات کا حجم 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھا۔ اس طرح سعودی عرب کے لیے پاکستانی برآمدات میں 3.92 فیصد کمی دیکھی گئی۔

دوسری جانب سعودی عرب سے درآمدات میں بھی نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ جولائی اور اگست 2026 میں پاکستان نے سعودی عرب سے 56 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی درآمدات کیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں درآمدات 67 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔

ذرائع کے مطابق مالی سال 2026-27 کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران سعودی عرب سے درآمدات میں مجموعی طور پر 16.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان پاکستان کا تجارتی خسارہ بھی کم ہوگیا۔

مزیدخبریں