آئی او ایس 27 میں سِری اے آئی سمیت اہم تبدیلیاں متعارف

07:51 PM, 15 Sep, 2026

کیلیفورنیا: ایپل نے آئی فون صارفین کے لیے آئی او ایس 27 کی نئی اپ ڈیٹ دنیا بھر میں دستیاب کردی ہے، جس میں ڈیزائن سے لے کر کارکردگی اور مصنوعی ذہانت تک کئی نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

نئے آپریٹنگ سسٹم میں لیکوئیڈ گلاس انٹرفیس کو مزید نکھارا گیا ہے، جبکہ ایپس کے کھلنے اور لوڈ ہونے کی رفتار میں 30 فیصد تک بہتری کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اسپاٹ لائٹ، فوٹوز اور میل میں سرچ کے فیچر کو بھی نئے انداز میں ترتیب دیا گیا ہے، جس سے مطلوبہ مواد تلاش کرنا پہلے کے مقابلے میں آسان ہوگا۔

آئی او ایس 27 میں سِری کو مصنوعی ذہانت کی نئی صلاحیتوں سے بھی لیس کیا گیا ہے۔ تاہم سِری اے آئی ابھی بیٹا ورژن میں ہے اور ابتدائی طور پر اس کی سہولت صرف انگریزی زبان میں دستیاب ہوگی۔ یورپی یونین میں صارفین کو یہ فیچر فوری طور پر فراہم نہیں کیا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ فرانسیسی، جاپانی، کوریائی، پرتگالی اور ہسپانوی زبانوں کو اکتوبر میں سِری اے آئی میں شامل کیا جائے گا۔

ایپل نے آئی او ایس 27 کے علاوہ دیگر مطابقت رکھنے والے ڈیوائسز کے لیے آئی پیڈ او ایس 27، میک او ایس 27، واچ او ایس 27 اور ویژن او ایس 27 بھی جاری کردیئے ہیں۔

صارفین اپنے اہل آئی فون میں سیٹنگز > جنرل > سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے آپشن پر جاکر نئی اپ ڈیٹ چیک کرکے اسے ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کرسکتے ہیں۔

مزیدخبریں