وفاق عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کے بجائے پٹرولیم لیوی ختم کرے، شرجیل میمن

06:42 PM, 15 Sep, 2026

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وفاقی حکومت سے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول پر 100 روپے سے زائد لیوی وصول کرنا عوام کے لیے بڑا المیہ ہے۔

 سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف موٹر سائیکل یا گاڑی استعمال کرنے والوں تک محدود نہیں بلکہ پورے معاشرے پر پڑتے ہیں۔ پٹرول مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھتے ہیں جبکہ زرعی اجناس، سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے سے کسان کی لاگتِ پیداوار بڑھ جائے گی اور زرعی اجناس کی نقل و حمل مہنگی ہونے کا بوجھ بھی عوام کو برداشت کرنا پڑے گا۔ مہنگائی کے موجودہ طوفان میں تنخواہ دار طبقہ پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

 شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ خلیج کی موجودہ صورتحال اور عالمی حالات پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی وجوہات ہیں، تاہم وفاقی حکومت کو عوام پر مزید مہنگائی کا بوجھ ڈالنے سے گریز کرنا چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ریلیف کا اعلان کیا ہے، مگر موجودہ صورتحال میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ عوام پر ڈالنا بند کرے اور فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کرے۔

 سینئر وزیر نے ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 2008 میں ایک روپیہ قیمت بڑھنے پر حکومت چھوڑ دی گئی تھی، جبکہ آج 100 روپے قیمت بڑھنے کے باوجود خاموشی اختیار کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی مہنگائی ہر پاکستانی کا مسئلہ ہے۔

مزیدخبریں