عوامی مشکلات کا احساس ہے، معیشت مزید بوجھ نہیں اٹھا سکتی: مصدق ملک

05:29 PM, 15 Sep, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی شدید متاثر ہو رہا ہے، حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

 مصدق ملک نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے عوام کو پٹرول پر 100 روپے فی لٹر ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ رکشوں، موٹر سائیکلوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے بھی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ریلیف کے لیے سب سے پہلے غریب اور دیہاڑی دار طبقے کو ترجیح دی ہے۔ 100 روپے فی لٹر ریلیف سے دیہاڑی دار طبقے کو کچھ سہولت ملے گی۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ملکی معیشت کی استطاعت کے مطابق عوام کو ریلیف دیا ہے، معیشت اس سے زیادہ بوجھ برداشت نہیں کرسکتی۔ اس وقت پٹرول پر 80 روپے لیوی اور 5 روپے کاربن ٹیکس عائد ہے، تاہم عوام کو لیوی ٹیکس سے زیادہ 100 روپے فی لٹر کا ریلیف دیا گیا ہے۔

 مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ رکوانے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ سیاسی اور عسکری قیادت بھی خطے میں امن کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو دنیا میں امن کے ضامن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جنگ کے شعلے تھمنے سے دنیا بھر کے غریب عوام پر معاشی بوجھ کم ہوگا۔

مزیدخبریں