ابوظہبی: ٹی20 ایشیا کپ 2025 کے اہم مقابلے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 42 رنز سے شکست دے دی۔ ابوظبی میں کھیلے گئے گروپ ’اے‘ کے میچ میں عمان کی ٹیم 173 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
میچ کا آغاز عمان کے کپتان جتندر سنگھ کے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے سے ہوا، جو یو اے ای کے بلے بازوں نے درست ثابت نہ ہونے دیا۔
یو اے ای کی جانب سے اوپنرز نے پراعتماد آغاز فراہم کیا۔ محمد وسیم اور علی شان شرفو کے درمیان 88 رنز کی شراکت بنی۔ علی شان شرفو نے 51 رنز بنائے، جن میں 7 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا، جبکہ کپتان محمد وسیم نے 69 رنز کی کپتانی اننگز کھیلی، جو 54 گیندوں پر مشتمل تھی اور اس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
مزید برآں، محمد زوہیب نے 21 اور ہرشیت کوشک نے 19 رنز کا اضافہ کیا۔ عمان کی جانب سے جیتن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں عمان کی بیٹنگ لائن دباؤ میں نظر آئی اور مقررہ اوورز میں 130 رنز ہی بنا سکی۔ یو اے ای کی شاندار بولنگ نے حریف بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
اس میچ کے بعد گروپ اے کی تمام ٹیمیں اپنے دو، دو میچز مکمل کر چکی ہیں۔ عمان بھارت سے پہلے ہی شکست کھا چکا ہے جبکہ یو اے ای کا اگلا اور اہم میچ پاکستان کے خلاف ہوگا۔