دوحہ:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش ہیں۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی بصیرت افروز قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلم اُمہ کو متحد کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دوحہ اجلاس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک مثبت پیغام دیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کو پاکستان کی بھرپور سفارتی حمایت کا یقین دلایا، اور سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل تعاون اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کا خیرمقدم کیا۔