سیلاب متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہے، کسی امداد کے محتاج نہیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

06:57 PM, 15 Sep, 2025

میانوالی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور وہ افراد جو ریلیف کیمپس میں مقیم ہیں، ہمارے مہمان ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت متاثرین کو تین وقت کا کھانا، طبی سہولیات اور محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہی ہے۔

میانوالی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں فوری ریسکیو آپریشن کیے، جس سے کئی قیمتی جانیں اور مویشی محفوظ بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے پنجاب میں اب تک سیلاب کے بعد کوئی وبا نہیں پھوٹی، جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ جاں بحق افراد کے ورثا کو فی کس 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا، جبکہ متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ سیلاب کے بعد کیا جائے گا۔ ان کے مطابق، چھتیں گرنے اور ڈوبنے سے 100 سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ وزرا کو ہدایت دی گئی ہے کہ جب تک متاثرین کو مکمل ریلیف نہ ملے، وہ فیلڈ سے واپس نہ آئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائل اسپتال متاثرین کو فوری طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

گجرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہاں گورننس کا نظام بدترین ہے، اور اب 26 ارب روپے سے نیا سیوریج سسٹم ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "گجرات کے لوگ برسوں اقتدار میں رہے، لیکن اپنے ہی لوگوں کے لیے کچھ نہ کر سکے۔"

سیاسی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "مجھے کشتی میں بیٹھنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، یہاں تک کہ اس پر بھی سوال اٹھایا گیا کہ میں نے امداد کیوں نہیں مانگی۔" ان کا کہنا تھا کہ "میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، ہاتھ نہیں پھیلاؤں گی۔"

مریم نواز نے کہا کہ حیرت اس بات پر ہے کہ تنقید اس لیے کی جا رہی ہے کہ وزیراعلیٰ خود کام کر رہی ہے۔ "باتیں کرنا آسان ہے، کام کرنا مشکل۔"

مزیدخبریں