فلسطین پر اسرائیلی حملے: عرب اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس آج دوحہ میں، وزیراعظم پاکستان قطر روانہ

12:13 PM, 15 Sep, 2025

دوحہ / اسلام آباد: قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آج عرب اور اسلامی ممالک کا ایک اہم اور ہنگامی سربراہی اجلاس ہو رہا ہے، جو فلسطین میں اسرائیلی حملوں اور بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر طلب کیا گیا ہے۔

اس اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر روانہ ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم کے وفد میں اہم حکومتی شخصیات شامل ہیں جن میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس مسلم دنیا کے مشترکہ ردعمل کے لیے ایک اہم موقع ہے، جس میں اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے رکن ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

اجلاس کی تیاری کے لیے وزرائے خارجہ کی ایک نشست پہلے ہی ہو چکی ہے جس میں پاکستان کی جانب سے اسلامی ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس بنانے کی تجویز دی گئی تاکہ اسرائیلی جارحیت کا منظم اور متحد ہو کر جواب دیا جا سکے۔

پاکستان نے اجلاس کی میزبانی اور تیاری میں برادر ملک قطر کے ساتھ قریبی تعاون کیا ہے اور اسرائیل کی طرف سے نہ صرف فلسطین بلکہ قطر اور دیگر ریاستوں کے خلاف کارروائیوں کی سخت مذمت کی ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 11 ستمبر کو دوحہ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے قطری قیادت سے ملاقات میں یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا تھا۔ بعد ازاں پاکستان نے دیگر دوست ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بھی بلایا تھا۔

یہ اجلاس اس بات کی علامت ہے کہ مسلم ممالک فلسطین کے مسئلے پر ایک متحد آواز بلند کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں، اور پاکستان اس سلسلے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

مزیدخبریں