قطر امریکا کا قریبی اتحادی ہے، حماس پر بات کرتے ہوئے احتیاط برتنی چاہیے، ڈونلڈ ٹرمپ

01:37 PM, 15 Sep, 2025

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قطر امریکا کا اہم اتحادی ہے اور اس کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حماس جیسے حساس معاملے پر بات کرتے ہوئے محتاط رویہ اختیار کرنا ضروری ہے، کیونکہ ایسی باتیں بین الاقوامی تعلقات پر اثر ڈال سکتی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ یورپی ممالک اگرچہ امریکا کے دوست ہیں، لیکن وہ اب بھی روس سے بڑی مقدار میں تیل خرید رہے ہیں، جو امریکی پالیسی کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا روس پر مزید پابندیاں لگانے کے لیے تیار ہے، لیکن یورپ کو بھی اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی ہوگی۔

انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں امریکی پرچم جلایا جا رہا ہے، جو قابلِ افسوس ہے۔ ٹرمپ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا یورپ روس سے تیل لینا بند کر کے اپنی معیشت قربان کرنے پر تیار ہے؟

ٹک ٹاک سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا اور چین کے درمیان بات چیت جاری ہے، لیکن حتمی فیصلہ چین کو کرنا ہے۔

انہوں نے چارلی کرک کے قتل پر خوشی منانے والوں کو "پاگل اور ذہنی مریض" قرار دیا اور کہا کہ ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ قطر حالیہ دنوں میں امریکی سیاست اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں خبروں میں ہے، کیونکہ وہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ثالثی کا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کے اسرائیل جانے سے پہلے یہ کہنا کہ "امریکا قطر پر تنقید کے باوجود اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے" — اس پر دوحہ نے بھی سخت ردعمل دیا ہے۔

مزیدخبریں