صدر اور وزیراعظم کا عالمی یومِ جمہوریت پر جمہوری اقدار کے تحفظ کا عزم

11:27 AM, 15 Sep, 2025

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغامات میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنانے اور جمہوری اصولوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت صرف حکومت چلانے کا ایک طریقہ نہیں، بلکہ ایک نظریہ ہے جو لوگوں کو بااختیار بناتا ہے، ان کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے اور سماجی و معاشی انصاف کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے 1973ء کے آئین کو پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی قرار دیا، جو مساوات اور آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان رہنماؤں نے جمہوریت کے لیے بنیاد فراہم کی۔

صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے اداروں کو مزید مضبوط بنائیں، اصلاحات کریں اور جمہوری نظام کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ پاکستان ایک مضبوط، بااختیار اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا ملک بن سکے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز اور نظام میں ان کی شمولیت کا نام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری نظام کی بنیاد 1973ء کا آئین ہے جو تمام شہریوں کے حقوق، صوبوں کی برابری، خواتین اور اقلیتوں کی نمائندگی کا تحفظ کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان ہر طبقے کو برابر کے حقوق دیتا ہے اور اسی کی بنیاد پر ہم قومی اتحاد، قانون کی حکمرانی اور آزادی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ اور عالمی سطح پر جمہوری اصولوں کی حمایت کی ہے، اور آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ عوام، حکومت اور ادارے مل کر ایک روشن اور جمہوری پاکستان کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں