لاہور : پاکستان نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 277 رنز کا مشکل ہدف دیا، جس کے تعاقب میں پروٹیز 183 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔
پاکستانی باؤلرز کی شاندار کارکردگی نے جنوبی افریقی بلے بازوں کو مکمل طور پر قابو کرلیا۔ نعمان علی نے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ساجد خان نے 3 وکٹیں لے کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں ابتداء ہی میں مشکلات کا شکار ہوئی، اور صرف 183 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ میں امام الحق اور شان مسعود نے پہلی اننگز میں اہم اننگز کھیلیں، امام الحق 93 اور شان مسعود 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تاہم دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور پوری ٹیم 167 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد جنوبی افریقہ کو 277 رنز کا ہدف دیا گیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹونی ڈی زورزی نے سب سے زیادہ 81 رنز بنائے، لیکن باقی بلے بازوں کو پاکستانی باؤلرز نے کوئی موقع نہ دیا اور میچ پاکستان کے حق میں ختم ہوا۔