مذہبی جماعت کے احتجاج کے منتظمین کی نشاندہی، کریک ڈاؤن کی تیاری مکمل

11:44 AM, 15 Oct, 2025

اسلام آباد: مذہبی جماعت کے حالیہ پرتشدد احتجاج کے منتظمین کی شناخت کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام مشتعل عناصر کی فہرست تیار کر لی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل ڈیٹا فراہم کر دیا گیا ہے، جس میں ملک بھر میں مظاہروں کی قیادت کرنے والے نیٹ ورک اور کمانڈ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جیو فینسنگ اور کال ڈیٹا ریکارڈ سے مرکزی کرداروں کی شناخت ہو چکی ہے اور فنانسرز کے بارے میں بھی معلومات حاصل کر لی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق، وارنٹس تیار کر لیے گئے ہیں اور کسی بھی وقت بڑے شہروں میں چھاپوں کا آغاز ہو سکتا ہے۔ املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کی ویڈیوز اور چہرے بھی شناخت کر لیے گئے ہیں، اور فیشل ریکگنیشن سے ان تمام کرداروں کو بے نقاب کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ افراد کی فنڈنگ کا بھی پتہ چلایا جا رہا ہے اور بینکاری ریکارڈ محفوظ کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ، خصوصی ٹیمیں اس معاملے پر کام کر رہی ہیں۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ امن خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں