معرکہ حق کے 5 ماہ بعد بھی بے بنیاد بھارتی پروپیگنڈا جاری، آئی ایس پی آر

11:07 AM, 15 Oct, 2025

راولپنڈی: پاک فوج نے بھارت کی جانب سے دیے گئے حالیہ اشتعال انگیز فوجی بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا اب بھارت کو نہ صرف سرحد پار دہشت گردی کا اصل چہرہ سمجھنے لگی ہے بلکہ اسے جنوبی ایشیا میں بدامنی کا بڑا سبب بھی تسلیم کر رہی ہے۔

پاک فوج کے ترجمان (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارت اپنی اندرونی سیاست، خاص طور پر اسمبلی انتخابات کے دوران، ہمیشہ ایسے بے بنیاد اور اشتعال انگیز دعوے کرتا ہے تاکہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ایٹمی ملک کی فوجی قیادت کی طرف سے اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینا افسوسناک ہے، جو نہ صرف بھارتی فوج کو دنیا میں مذاق بنا رہے ہیں بلکہ خطے کے امن کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ اسے "معرکۂ حق" میں شکست ہوئی، مگر وہ اب بھی حقیقت کو جھٹلانے کے لیے جھوٹے دعوے اور فلمی انداز میں مناظر گھڑ رہا ہے۔

آئی ایس پی آر نے خبردار کیا کہ بھارت کی مہم جو اور جارحانہ پالیسیوں کا نقصان اس کے اپنے عوام اور پڑوسی ممالک دونوں کو ہو رہا ہے۔بیان کے آخر میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور اگر بھارت نے کوئی جارحیت کی تو اس کا جواب نہایت تیز، فیصلہ کن اور ایسا ہوگا جو یاد رکھا جائے گا۔

مزیدخبریں