اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ سفید چھڑی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سفید چھڑی نہ صرف بصارت سے محروم افراد کے لیے ایک رہنمائی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ ان کی ہمت، اعتماد اور خودانحصاری کی علامت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ قوم وہی ہوتی ہے جس میں سب کو برابر کے حقوق اور مواقع ملیں۔ اس لیے عوام اور اداروں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں بصارت سے محروم افراد کے لیے تعلیم، روزگار اور معاشرتی شمولیت کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں تاکہ وہ بھی ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ بصارت سے محروم افراد کا حق ہے کہ ان کے ساتھ محبت، احترام اور مدد کی جائے، اور پاکستان کا اصل سرمایہ اس کے شہریوں کی صلاحیتوں کا فروغ ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی سفارت کار صائمہ سلیم کی مثال دی، جو اپنی بصارت سے محرومی کے باوجود اپنی ذہانت اور محنت سے ملک کا نام روشن کر چکی ہیں۔ وہ عزم، حوصلے اور صلاحیت کی ایک جیتی جاگتی مثال ہیں۔
آخر میں، صدر نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا، "آئیں! ایسا پاکستان بنائیں جہاں کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے، کیونکہ قومی ترقی صرف سب کے تعاون اور شمولیت سے ہی ممکن ہے۔"