نیویارک: پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں لیبیا کے سیاسی استحکام، خودمختاری اور قومی وحدت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ نگران مستقل مندوب برائے اقوامِ متحدہ، سفیر عثمان اقبال جدون نے اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن برائے لیبیا (UNSMIL) پر بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان لیبیا کے خود مختار روڈ میپ کو استحکام کی بنیاد سمجھتا ہے اور مشن کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کی حمایت کرتا ہے۔
سفیر عثمان جدون نے اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ ہنّا ٹیٹے کی امن، مفاہمت اور سیاسی استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ لیبیا کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے برطانیہ کے تعمیری تعاون کا بھی خیرمقدم کیا، جو لیبیا کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے لیے اہم رہا ہے۔
سفیر نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سٹریٹجک جائزے کا ذکر کیا اور کہا کہ اس میں دی گئی تجاویز UNSMIL کو زیادہ لچکدار اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے رہنما اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مشن کے مینڈیٹ کو مؤثر بنایا جائے اور لیبیا میں سیاسی عمل کو مقامی قیادت کے تحت آگے بڑھایا جائے۔
عثمان جدون نے پانچ اہم نکات پیش کیے جن میں خصوصی نمائندہ کے سیاسی روڈ میپ کی مکمل حمایت، عبوری مرحلے کا تکمیل، ادارہ جاتی استحکام، شمولیتی انتخابات کا انعقاد، اور واضح ٹائم لائنز کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ لیبیا کے سیاسی مستقبل میں عوام کی شمولیت اور ملکیت یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے ہائی نیشنل الیکشن کمیشن کی 34 بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امن و امان کی بحالی کے بعد ان انتخابات کا جلد انعقاد ضروری ہے۔ طرابلس میں جنگ بندی کی موجودہ صورتحال کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے، انہوں نے اعتماد سازی کے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
معاشی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے، عثمان جدون نے قومی بجٹ کو یکجا کرنے اور منجمد اثاثوں کی نگرانی کی تعریف کی تاکہ مالی نظم و ضبط کو بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ تجویز بھی دی کہ بین الاقوامی مالی اداروں کو درپیش قانونی پیچیدگیوں کو دور کرنے کے لیے معاون رہنمائی نوٹس جاری کیا جائے۔
آخر میں، عثمان جدون نے پاکستان کے مسلسل تعاون اور مستحکم، خودمختار اور متحد لیبیا کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ لیبیا کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وحدت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔