پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان قرضے کے معاہدے پر اتفاق، پاکستان کو 1.2 ارب ڈالرز ملیں گے

09:44 AM, 15 Oct, 2025

اسلام آباد: پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان قرض پروگرام کے جائزے پر معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت پاکستان کو 1.2 ارب ڈالرز کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان کو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلیٹی (EFF) کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالرز ملیں گے جبکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلیٹی (RSF) کے تحت 20 کروڑ ڈالرز فراہم کیے جائیں گے۔

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان نے سماجی شعبے میں اچھے نتائج حاصل کیے ہیں، خاص طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز بڑھا کر غربت کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں، تعلیم، صحت اور معاشی اصلاحات میں وفاق اور صوبوں کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے، اور بتایا گیا کہ پاکستان کا مالیاتی خسارہ گزشتہ 14 سالوں میں سب سے کم سطح پر آ چکا ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان نے ٹیکس اصلاحات پر عملدرآمد کیا ہے اور اس حوالے سے وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جا سکے اور ریونیو میں اضافہ ہو۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو افراطِ زر کو 5 سے 7 فیصد کے درمیان رکھنے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔ سٹیٹ بینک نے بھی سخت مالیاتی پالیسی برقرار رکھنے کا عہد کیا ہے۔

توانائی کے شعبے کے حوالے سے آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کو سرکلر ڈیبٹ میں کمی، بجلی کے نقصانات میں کمی اور تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے اہداف حاصل کرنے ہوں گے۔

زرعی شعبے میں حکومتی مداخلت کم کرنے اور پیداوار بڑھانے کے لیے نئی ٹیرف پالیسی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کرنے اور آبی وسائل کے بہتر استعمال پر بھی زور دیا گیا ہے۔آئی ایم ایف نے پاکستان میں سیلاب کے نقصانات پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان حکومت کی مہمان نوازی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزیدخبریں