راولپنڈی:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے دی ملینیم یونیورسل کالج اور فیوچر ورلڈ سکول میں طلبا و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست سے خطاب کیا، جس میں ملکی داخلی صورتحال، قومی دفاع اور نوجوانوں کے کردار پر بات چیت کی گئی۔
طلبا اور اساتذہ نے پاک فوج کی خدمات اور ملک کے دفاع میں اس کے کردار کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ پاک افواج نہ صرف قومی سلامتی کی ضامن ہیں بلکہ عوام کے تحفظ اور استحکام میں بھی بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
نشست کے شرکاء کے مطابق اس مکالمے نے نوجوانوں کو تنقیدی سوچ، پاکستانیّت اور فعال شہریت کے مفہوم کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ طلبا نے کہا کہ اس گفتگو نے انہیں دفاعِ وطن کے عزم کو مزید مضبوط کیا اور یہ احساس بھی دلایا کہ میڈیا پر گردش کرتی معلومات کو بغیر تحقیق پھیلانا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔