اکاؤنٹ سکیورٹی کے نام پر گوگل کی نئی اسٹوریج پالیسی زیر غور

08:37 PM, 15 May, 2026

کیلیفورنیا:  گوگل کی جانب سے صارفین کے لیے فراہم کی جانے والی ایک اہم سہولت میں ممکنہ تبدیلی کی جا رہی ہے، جس کے تحت نئے جی میل اکاؤنٹس پر مفت کلاؤڈ اسٹوریج میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اس وقت جب کوئی صارف نیا جی میل اکاؤنٹ بناتا ہے تو اسے 15 جی بی مفت اسٹوریج فراہم کی جاتی ہے، جو عام صارفین کی ضروریات کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے۔

تاہم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گوگل اس پالیسی کی آزمائش کر رہا ہے، جس کے تحت بعض نئے اکاؤنٹس کو صرف 5 جی بی مفت اسٹوریج دی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ایک متبادل آپشن کے تحت اگر صارف اپنے اکاؤنٹ کے ساتھ فون نمبر منسلک کرے تو اسے 15 جی بی اسٹوریج فراہم کی جا سکتی ہے۔

رپورٹ میں ایک اسکرین شاٹ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، تاہم گوگل کے سپورٹ پیج پر اب بھی واضح طور پر درج ہے کہ ہر اکاؤنٹ کے ساتھ 15 جی بی مفت اسٹوریج دی جاتی ہے۔

کمپنی نے اس تبدیلی کی آزمائش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پائلٹ بنیادوں پر مخصوص علاقوں میں کی جا رہی ہے۔

گوگل کے مطابق اس اقدام کا مقصد اکاؤنٹ سیکیورٹی کو بہتر بنانا اور ڈیٹا ریکوری کے عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
 
 
 
 

مزیدخبریں