ناگن فیم مونی رائے نے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی

06:54 PM, 15 May, 2026

ممبئی: بھارتی ٹی وی ڈرامہ ’’ناگن‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ مونی رائے اور دبئی کے معروف بزنس مین سوراج نمبیار نے شادی کے چار سال بعد باہمی رضامندی سے اپنی راہیں جدا کر لی ہیں۔

دونوں نے اس فیصلے کی تصدیق مشترکہ سوشل میڈیا بیان میں کی، جس میں بتایا گیا کہ یہ قدم مکمل غور و فکر اور باہمی اتفاق کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اس مشکل مرحلے کو نجی اور باعزت انداز میں مکمل کرنا چاہتے ہیں، اس لیے میڈیا اور عوام سے درخواست ہے کہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق احترام برقرار رکھا جائے اور غیر مصدقہ خبروں اور قیاس آرائیوں سے اجتناب کیا جائے۔

جوڑے نے مزید واضح کیا کہ ان کے بارے میں سوشل میڈیا پر متعدد بے بنیاد اور غلط افواہیں گردش کر رہی ہیں، جن کی کوئی حقیقت نہیں، لہٰذا ان پر یقین نہ کیا جائے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل میں ایک دوسرے کے ساتھ احترام پر مبنی دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ علیحدگی کی افواہیں اس وقت تیزی سے پھیلنا شروع ہوئیں جب دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو کیا اور مشترکہ تصاویر کو ہٹانے یا آرکائیو کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے بعد اب دونوں نے باضابطہ طور پر اپنی علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔
 
 
 
 

مزیدخبریں