معاشی بحران پسماندہ طبقات کو متاثر کر سکتا ہے، بلوچستان کے ہر شہری کو مفت علاج فراہم کریں گے، بلاول بھٹو

04:57 PM, 15 May, 2026

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ عالمی معاشی مشکلات آگے چل کر بڑے معاشی بحران کی شکل اختیار کر سکتی ہیں، جس کا سب سے زیادہ اثر پسماندہ علاقوں اور غریب طبقات پر پڑے گا۔ کوئٹہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کو طاقتور بنایا ہے اور متوسط طبقے کی خدمت ہی ہماری سیاست کا اصل محور ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں 11 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ کی طرز پر صحت کے بڑے منصوبے بلوچستان میں شروع کرنے کے خواہشمند ہیں تاکہ پسماندہ علاقوں میں بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نیا ٹراما سینٹر بلوچستان کا پہلا پبلک اسپتال بنے گا جس کی معیاری سروسز کا مقابلہ ملک بھر کے اسپتالوں سے کیا جائے گا، کیونکہ غریب ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو علاج کا حق نہ ملے۔

چیئرمین پی پی پی نے بلوچستان حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے دو سال کے دوران متعدد منصوبے شروع اور مکمل کیے ہیں، جس کی وجہ سے ہماری پرفارمنس دیگر صوبوں سے بہتر ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ عید کے فوراً بعد ترقیاتی منصوبوں کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرنے کے لیے دوبارہ بلوچستان کا دورہ کریں گے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر حقوق فراہم کیے جا سکیں۔

مزیدخبریں