اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین کی مالیاتی مارکیٹ میں 'پانڈا بانڈ' کا اجرا پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر چینی سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس تاریخی اقدام سے پاک-چین اقتصادی اور مالیاتی تعلقات ایک نئے اور مضبوط دور میں داخل ہوں گے۔ وزیرِ خزانہ نے بانڈ کے اجرا کے عمل میں بیجنگ کے بھرپور تعاون کو بھی سراہا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت اشارے دیے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر سختی سے عملدرآمد کے باعث عالمی سطح پر ملکی معیشت کا تاثر مزید بہتر اور مستحکم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی کا گراف نمایاں حد تک نیچے آئے گا اور معاشی استحکام کا فائدہ عام آدمی تک پہنچے گا۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید بتایا کہ آنے والے دنوں میں زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید بہتری آئے گی، جبکہ ملکی برآمدات اور ترسیلاتِ زر میں اضافے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی آمدنی میں اضافے اور ٹیکس چوری کے خاتمے کے لیے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جا رہا ہے اور پورے ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر ڈیجیٹلائز کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔