اپنی ذاتی انا کو ملک کے مفاد پر قربان کرنا ہوگا ، نفرت کی سیاست نے پاکستان کو کچھ نہیں دیا ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

12:56 PM, 15 May, 2025

کالا شاہ کاکو  : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی ذاتی انا کو ملک کے مفاد پر قربان کرنا ہوگا کیونکہ نفرت کی سیاست نے پاکستان کو کچھ نہیں دیا۔ وہ کالا شاہ کاکو میں "گندم انیشیٹو پروگرام" کے تحت منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہی تھیں، جہاں کسانوں کو سبسڈی پر گرین ٹریکٹرز دیے جا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر ملک کا دفاع کیا، افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کا امن ہماری سرخ لکیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف سرحدوں کی نہیں بلکہ نظریات اور جذبے کی جنگ تھی، جس میں ہم کامیاب ہوئے۔

مریم نواز نے کہا کہ اگر ہم آپس کی نفرتیں ختم کر دیں اور ملک کے لیے سوچیں، تو پاکستان ترقی کی راہ پر تیزی سے آگے بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاست کو خدمت کا ذریعہ بنانا ہوگا، نہ کہ انتشار کا۔

تقریب میں زرعی شعبے کے لیے بڑے اعلانات بھی کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کسانوں کو "کسان کارڈ" کے ذریعے فی ایکڑ 5 ہزار روپے دیے جائیں گے، اور 10 ایکڑ پر گندم اگانے والے کسان کو 50 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 9500 کسانوں کو ٹریکٹر دیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 25 ہزار کسانوں کو ٹریکٹرز ملیں گے۔

مزید برآں، انہوں نے 10 کلو واٹ کے سولر سسٹم پر 95 فیصد اور 15 کلو واٹ پر 90 فیصد سبسڈی دینے کا اعلان بھی کیا، تاکہ کسان بجلی کے مسائل سے آزاد ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ کھاد، بیج اور زرعی آلات پر بھی سبسڈی دی جا رہی ہے۔

آخر میں مریم نواز نے کہا کہ آج دنیا بھی مان رہی ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، اور یہ سب صرف اس وقت ممکن ہوا جب ہم نے متحد ہو کر فیصلے کیے۔

مزیدخبریں