لاہور: لاہور کے مختلف تھیٹرز میں ڈراموں کے لیے مقررہ اوقات کی خلاف ورزیوں پر ضلعی انتظامیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تھیٹر مالکان کو وارننگ جاری کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، کئی تھیٹرز سرکاری اوقات کار ختم ہونے کے بعد بھی چوری چھپے ڈرامے جاری رکھتے ہیں۔ فرنٹ لائٹس بند کر کے خفیہ طور پر ٹکٹیں فروخت کی جاتی ہیں، اور رات گئے تک شو چلتے رہتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کچھ تھیٹرز میں رات 11 بجے سے 1 بجے تک سی سی ٹی وی کیمرے تو آن رہتے ہیں، لیکن جیسے ہی ایک بجے کے بعد کا وقت ہوتا ہے، کیمرے بند کر دیے جاتے ہیں، اور متعلقہ افسران کی طرف سے "سب اچھا" کی رپورٹ دے دی جاتی ہے۔ اس طریقے سے دیر رات ہونے والی خلاف ورزیاں چھپ جاتی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئندہ ایسی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی اور کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ تھیٹر مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اوقات کار کی مکمل پابندی کریں، بصورتِ دیگر قانونی ایکشن کے لیے تیار رہیں۔