بیجنگ : چین نے بھارت کے زیرِ انتظام متنازع علاقے اروناچل پردیش کا نام بدل کر "زَنگنان" رکھ دیا ہے اور اس علاقے کے 27 مختلف مقامات کے نام بھی چینی زبان میں تبدیل کر دیے ہیں۔
چینی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ علاقہ تاریخی اور جغرافیائی اعتبار سے چین کا حصہ ہے اور اس پر حق جتانا چین کا اندرونی معاملہ ہے۔ چین کے مطابق اس قدم کا مقصد علاقے کی تاریخی اور ثقافتی پہچان کو اجاگر کرنا ہے۔
بھارت اروناچل پردیش کو اپنا صوبہ قرار دیتا ہے، جبکہ چین اسے جنوبی تبت کا علاقہ مانتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس علاقے پر پہلے ہی کشیدگی چل رہی ہے، اور یہ نیا قدم بھارت کے لیے ایک اور بڑا جھٹکا سمجھا جا رہا ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے بھارتی جارحیت پر سخت جواب کے بعد چین کا یہ دوٹوک مؤقف بھارت پر دباؤ ڈالنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق مودی حکومت خطے میں مسلسل تنازعات پیدا کر رہی ہے، جو جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔