لاہور: پنجاب میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 19 مئی تک پنجاب کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، اور گرمی کی لہر شدید شکل اختیار کر سکتی ہے۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور اپنے اضلاع میں انتظامی تیاریاں مکمل رکھیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 19 مئی کی شام سے مغربی ہوائیں پنجاب میں داخل ہو سکتی ہیں، جس کے باعث 19 اور 20 مئی کے دوران کچھ علاقوں میں بارش کا بھی امکان ہے۔ تاہم اس سے پہلے گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔