اوئے مودی اوئے

09:32 AM, 15 May, 2025

کالم سے پہلے حکومت سے ایک درخواست کہ پاکستان نے جس قدر شاندار فتح حاصل کی ہے تو جنرل عاصم منیر کے لئے فیلڈ مارشل، ائر فورس کے سربراہ کے لئے مارشل آف دی ائر فورس اور بحریہ کے سربراہ کے لئے ایڈمرل آف دی فلیٹ کے اعزاز کا اعلان کیا جائے ۔ اس پر ان شاء اللہ تفصیل سے اگلے کالم میں گفتگو ہو گی ۔ کچھ احباب کو اعتراض ہو سکتا ہے کہ کس طرح کی بازاری زبان میں کالم کاعنوان رکھ دیا تو عرض ہے کہ جن کو بھی اس حوالے سے شکایت ہے تو ان کی شکایت سر آنکھوں پر اور وہ جس بنا پر اعتراض کریں گے اس سے بھی مکمل اتفاق کرتے ہوئے وہ بھی سر آنکھوں پر اور ہم خود بھی اس طرح کا عنوان رکھنے پر قارئین سے معذرت چاہتے ہیں ۔ کالم شروع کرنے سے پہلے ہم نے کافی سوچا لیکن یقین کریں کہ مسلمانوں سمیت ہندوستان کی دیگر اقلیتیں جن میں سکھ اور عیسائی برادری بھی شامل ہے ان کے قاتل اور گجرات کے قصائی کے لئے اگر کچھ مہذب الفاظ ذہن میں آئے بھی تو وہ مودی جیسے بندے کا نام سن کرپتلی گلی سے بھاگ گئے ۔ گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر مودی نے مسلمانوں کا جس قدر قتل عام کیاتو انھیں گجرات کا قصائی کہا گیا اور ان کے متعلق اس طرح کی رائے صرف مسلمانوں کی نہیں ہے بلکہ ان کی ذات کے ساتھ اس قدر گھنائونے جرائم جڑے ہوئے ہیں کہ ان کی وجہ سے امریکہ میں ان کا داخلہ بند تھا حتیٰ کہ جب یہ وزیر اعلیٰ گجرات بھی تھے تو انھیں ہندوستانی حکومت کی سفارش کے باوجود بھی امریکہ کا ویزہ نہیں دیا گیا اور جب تک یہ ہندوستان کے وزیر اعظم نہیں بنے اس وقت تک ان پر امریکہ میں داخلے پر پابندی قائم رہی تھی اور وزیر اعظم بننے کے بعد ہندوستان جیسے دنیا کے بڑی آبادی اور رقبہ والے ملک کے انتظامی سربراہ کے لئے پابندی برقرار رکھنا پھر مشکل ہو جاتا ہے تو یہ مودی کے کرتوت ہیں اور 2019میں پلوامہ واقعہ اور اب جس طرح پہلگام میں دہشت گردی کے بعد اس نے ڈیڑھ ارب سے زیادہ آبادی کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا اور خاص طور پر ایک ایسے خطہ میں کہ جس میں دنیا کی چار نیوکلیئر پاورز ایک دوسرے کے ساتھ جڑ کر کھڑ ی ہیں تو یہ صرف پاک بھارت ہی نہیں بلکہ چین روس اور سائوتھ ایشیا جس میں دنیا کی آدھی سے زیادہ آبادی موجود ہے ان سب کو خطرے میں ڈال دیا تھا ۔
پاکستان کو جو شاندار فتح نصیب ہوئی ہے وہ تو تاریخ ساز ہے اور پورا عرب میڈیا پاکستان پر اور پاکستان کی سیاسی اور خاص طور پر عسکری قیادت پر صدقے واری جا رہے ہیں اور جنرل عاصم منیر کے گن تو پوری دنیا اور خاص طور پر مسلم دنیا گا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ کئی عشروں سے ہم اہل کفار کی جانب سے مسلمانوں پر برسائی گئی آگ و بارود کی بارش کو دیکھتے رہے ہیں لیکن اب پاکستان کی فوج نے جس بہادری کے ساتھ ہندوستان کی ملٹری بیسز پر میزائل گرا کر وہاں آگ کے الائو بھڑکا کر ہمارے دلوں کو ٹھنڈا کیا ہے تو یہ پاکستان اور اس کی سیاسی و عسکری قیادت کا دور حاضر میں عالم اسلام کے لئے ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جسے امت کبھی نہیں بھولے گی ۔ عرب میڈیا اور پورے عالم اسلام کے جذبات اپنی جگہ پر لیکن پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ جو کچھ کر دیا ہے اس کے بعد قوی امید ہے کہ ہندوستان کئی برس تک پاکستان کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کا سوچے گا بھی نہیں اور ایک انتہائی اہم بات کہ نریندر مودی جو گذشتہ کئی برس سے اپنے تئیں ہندوستان کی وزارت عظمیٰ کے منصب پر بیٹھ ایک غنڈے کا کردار ادا کر رہا تھا پاکستان نے اس کی غنڈہ گردی خاک میں ملا کر رکھ دی ہے لیکن ان تمام عوامل کے ساتھ ساتھ پاکستان نے اپنے آہنی دوست چین کے لئے بھی بہت بڑے کام کئے ہیں ۔ اول تو جس طرح ہندوستان نے رافیل طیارے تباہ کرا کرفرانس کا اور S-400تباہ کرا کرروس کا نام ڈبویا ہے تو پاکستان کے غیور اور بہادر پائلٹوں نے ہندوستان کے بر عکس چین کے نام اور اس کی ٹیکنالوجی کو دنیا میں چار چاند لگا دیئے ہیں کہاں چند دن پہلے تک رافیل طیاروں اور روس کے S-400کی دنیا پر دھاک بیٹھی ہوئی تھی اور کہاں آج ہندوستان کی حد درجہ نالائقی کی وجہ سے دنیا بھر میں ان کی سبکی ہوئی ہے لیکن اس کے بر خلاف اب لوگ چینی ٹیکنالوجی کی طرف آئیں گے اور اس کی مانگ میں اضافہ ہو گا ۔
لیکن عالمی منڈی میں اتار چڑھائو ہوتا رہتا ہے کساد بازاری بھی ہوتی ہے اور اگر کبھی ایسا ہوتا ہے تو چین نے پاکستان کے کان میں ایک ہی بات کہنی ہے کہ ’’ یار آلات حرب کی مارکیٹ میں آج کل کچھ مندا چل رہا ہے تو ہندوستان کے وزیر اعظم کو ’’ اوئے مودی اوئے ‘‘ کہہ کر چھیڑ دو ‘‘ اس کے پاس دماغ تو ہے نہیں اور جب دماغ ہی نہیں ہے تو عقل کہاں سے ہو گی لہٰذا وہ لٹھ لے کر پاکستان پر حملہ کر دے گا اور اس کے بعد آپ لوگوں کو تو پتا ہی ہے کہ کیا کرنا ہے اور زیادہ کچھ تردد کرنے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ بس صرف چار پانچ گھنٹوں میں سارا کام ہو جائے گالیکن بس اتنا کرنا ہے کہ اسے ایک دفعہ اپنا شوق پورا کر لینے دینا تاکہ اس کے پاس جدیدجنگی طیاروں ، ڈرونز اور دیگر جو ٹیکنالوجی ہے اسے تباہ کر کے اس ٹیکنالوجی کا بھی پتا چل جائے گا ۔ وہ کیا کہتے ہیں کہ آم کے آم گٹھلیوں کے دام ۔کامیابی بھی مل جائے گی اور دشمن کو شکست بھی ہو گی ۔ کہنا بس یہی ہے کہ ’’ اوئے مودی اوئے‘‘۔

مزیدخبریں