اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی استحکام اور مضبوط داخلی سلامتی ناگزیر ہے۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی سے ایوانِ صدر میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان کے قیام اور سیاسی و جمہوری عمل کے تسلسل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو ملک میں امن و امان کی صورتحال اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ صدر زرداری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور داخلی سلامتی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
ملاقات میں سیاسی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جمہوری عمل کے تسلسل ہی سے ملک میں معاشی اور سماجی استحکام آ سکتا ہے۔
صدرِ مملکت اور وفاقی وزراء نے قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مختلف سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنانے پر بھی گفتگو کی۔صدر آصف علی زرداری نے وفاقی وزراء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ملکی سلامتی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
قومی یکجہتی اور سیاسی ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہے، صدر آصف علی زرداری
صدر ملکت کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات ، امن و امان کے قیام اور سیاسی و جمہوری عمل کے تسلسل پر تفصیلی تبادلہ خیال
03:59 PM, 15 Mar, 2026