لاہور : لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے موسم خوشگوار کر دیا ہے، تاہم کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے کی وجہ سے بجلی بند ہو گئی۔
لاہور میں صبح کے وقت شملہ پہاڑی، مال روڈ، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، سول سیکرٹریٹ، ساندہ روڈ اور چوبرجی میں موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد شہر میں ٹھنڈک محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 15 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی 67 فیصد اور ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
بارش پنجاب کے دیگر شہروں جیسے حاصل پور، سرگودھا، بہاولنگر، عارف والا، دنیا پور، سانگلہ ہل، منچن آباد، فیصل آباد اور قصور میں بھی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوا۔ تاہم بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔