وزیر اعظم کے اعلانات ماضی کی طرح ہوں گے یا؟

09:14 AM, 15 Mar, 2026

پاکستان عوام کے لئے ہمیشہ ہی مشکل معاشی دور سے گزرتا رہا ہے۔ لیکن اب تو عام آدمی کا سانس لینا بھی دشوار ہوتا جارہاہے۔مہنگائی، توانائی کے بحران، کمزور معیشت اور بڑھتے ہوئے مالیاتی دباؤ نے عام آدمی کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ ایسے حالات میں حکومتوں کو اکثر غیر معمولی فیصلے کرنا پڑتے ہیں تاکہ ریاستی اخراجات کم کیے جا سکیں اور قومی وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ حال ہی میں وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کفایت شعاری، عوامی ریلیف اور حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے متعدد فیصلے کیے ہیں۔ بظاہر یہ اقدامات سادگی اور ذمہ دارانہ حکمرانی کی طرف ایک مثبت قدم محسوس ہوتے ہیں، مگر اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہ فیصلے واقعی ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے جا سکیں گے یا یہ بھی ماضی کی طرح چند ماہ بعد ایک رسمی مہم بن کر رہ جائیں گے۔
اجلاس میں سرکاری گاڑیوں کو فراہم کیے جانے والے تیل میں فوری طور پر پچاس فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ دو ماہ کے لیے سرکاری محکموں کی ساٹھ فیصد گاڑیاں بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد یہ بتایا گیا ہے کہ تیل کی بچت اور غیر ضروری سرکاری اخراجات کو کم کرنا ہے۔ اسی طرح کابینہ کے ارکان، وزرائ، مشیران اور معاونین خصوصی نے دو ماہ تک تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں پچیس فیصد کمی کی گئی ہے۔ گریڈ بیس اور اس سے اوپر کے ایسے افسران جن کی تنخواہ تین لاکھ روپے سے زیادہ ہے، ان کی دو دن کی تنخواہ بھی کٹوتی کے ذریعے عوامی ریلیف کے لیے مختص کی جائے گی( یہ ریلیف کیسے دیا جائے گا یہ نہیں بتایا گیا)۔ یقیناً ایسے اقدامات ایک مثبت پیغام دیتے ہیں کہ مشکل معاشی حالات میں حکمران طبقہ بھی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان جیسے معاشرے میں جہاں عام آدمی اکثر یہ شکایت کرتا ہے کہ ہر بحران کا بوجھ صرف عوام پر ڈال دیا جاتا ہے، وہاں اگر حکمران طبقہ خود بھی کچھ قربانی دے تو اس سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ پاکستان کے سرکاری اخراجات کا بڑا حصہ صرف تنخواہوں یا گاڑیوں کے ایندھن تک محدود نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک وسیع بیوروکریٹک نظام، غیر ضروری مراعات اور انتظامی بے قاعدگیوں کی ایک طویل فہرست موجود ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری محکموں کے تنخواہوں کے علاوہ دیگر اخراجات میں بیس فیصد کمی کی جائے گی۔ سرکاری اداروں میں نئی گاڑیوں، فرنیچر، ایئر کنڈیشنرز اور دیگر اشیاء کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسی طرح وفاقی و صوبائی وزرائ، مشیران اور سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے سوائے ان دوروں کے جو ملکی مفاد کے لیے انتہائی ضروری ہوں۔ سرکاری عشائیوں اور افطار پارٹیوں پر بھی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے اور سیمینارز یا کانفرنسز کو ہوٹلوں کے بجائے سرکاری مقامات پر منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگر ان فیصلوں پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کیا جائے تو یقیناً قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ میں کچھ کمی آ سکتی ہے، مگر پاکستان کی تاریخ ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ کفایت شعاری کی ایسی مہمات پہلے بھی شروع کی گئی ہیں۔ کبھی سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی لگائی گئی، کبھی بیرون ملک دورے محدود کیے گئے اور کبھی سرکاری دفاتر کے اوقات کم کیے گئے، مگر چند ماہ بعد سب کچھ دوبارہ پہلے جیسا ہو گیا۔ یہی وجہ ہے کہ عوام ایسے اعلانات کو قدرے شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اجلاس میں توانائی کے بحران کے پیش نظر ایک اور اہم فیصلہ یہ بھی کیا گیا ہے کہ دفاتر ہفتے میں چار دن کھلے رہیں گے جبکہ کئی شعبوں میں پچاس فیصد سٹاف گھر سے کام کرے گا۔ تیل کی بچت کے لیے ایک اضافی چھٹی بھی دی جائے گی۔ اسی طرح فوری طور پر سکولوں کو دو ہفتوں کی چھٹیاں دینے اور ہائر ایجوکیشن اداروں میں آن لائن کلاسوں کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا ہے جہاں انٹر نیٹ کی رفتار یا،دستیابی ہی سوالیہ نشان ہے وہاں کیا،واقع ہی ورک فرام ہوم یا،ان لائن تعلیم حاصل کی جاسکے گی؟ ہو سکتا ہے یہ اقدامات وقتی طور پر توانائی اور ایندھن کی بچت میں مدد دے سکیں، مگر ان کے سماجی اور تعلیمی اثرات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان پہلے ہی تعلیمی مسائل کا شکار ہے۔ بار بار تعطیلات اور تعلیمی نظام میں خلل طلبہ کے تعلیمی معیار کو متاثر کر سکتا ہے۔ اسی طرح سرکاری دفاتر میں کام کے اوقات کم ہونے سے بعض انتظامی امور میں تاخیر بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
حکومت نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو بھی سخت وارننگ دی ہے کہ وہ اس صورتحال سے ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں۔ پاکستان میں یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ جب بھی کوئی بحران پیدا ہوتا ہے تو کچھ عناصر مصنوعی قلت پیدا کر کے منافع خوری شروع کر دیتے ہیں۔ اگر حکومت اس حوالے سے مؤثر نگرانی اور فوری کارروائی کو یقینی بنائے تو عوام کو بڑی حد تک ریلیف مل سکتا ہے۔ تاہم اس پوری صورتحال میں ایک بنیادی سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ کیا ہم صرف اخراجات کم کر کے معاشی استحکام حاصل کر سکتے ہیں؟ کیا ہم کوئی بڑے پیداواری منصوبے شروع کیے بغیر اور حکومتی مشینری کے رویے کو بدلے بغیر معیشت کو مضبوط بنا سکتے ہیں؟
حقیقت یہ ہے کہ صرف کفایت شعاری سے معیشت مضبوط نہیں ہوتی۔ قومیں اس وقت ترقی کرتی ہیں جب وہ اپنی پیداوار بڑھاتی ہیں، صنعت و زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرتی ہیں اور نئی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں۔ 
پاکستان کو اس وقت صرف بچت نہیں بلکہ پیداوار کی بھی ضرورت ہے۔ اگر ملک میں نئے صنعتی منصوبے، زرعی اصلاحات، ٹیکنالوجی پارکس، قابل تجدید توانائی کے منصوبے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے کے پروگرام شروع نہ کیے گئے تو معیشت کا پہیہ تیزی سے نہیں گھوم سکے گا۔ اسی طرح برآمدات میں اضافہ اور مقامی صنعت کو مضبوط بنانا بھی ناگزیر ہے۔
اس کے ساتھ ایک اور اہم مسئلہ حکومتی مشینری کا رویہ ہے۔ جب تک بیوروکریسی میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کا حقیقی جذبہ پیدا نہیں ہوگا، تب تک کسی بھی اصلاحاتی منصوبے کے نتائج محدود رہیں گے۔ عوام کو سب سے زیادہ شکایت اسی بات کی ہوتی ہے کہ سرکاری ادارے عوام کی خدمت کے بجائے اکثر ایک پیچیدہ اور سست نظام کا حصہ بن جاتے ہیں۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ کفایت شعاری کے ساتھ ساتھ حکومتی نظام میں حقیقی اصلاحات بھی متعارف کرائی جائیں۔ ٹیکس نظام کو آسان اور منصفانہ بنایا جائے، غیر ضروری سرکاری اخراجات کو مستقل بنیادوں پر ختم کیا جائے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔
اگر حکومت ان اقدامات کو ایک بڑے معاشی اصلاحاتی پروگرام کا حصہ بنا لے تو یقیناً مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں، مگر اگر یہ فیصلے صرف وقتی بحران سے نمٹنے کے لیے چند ماہ تک نافذ کیے گئے تو ممکن ہے کہ ان کا اثر بھی عارضی ثابت ہو۔ پاکستان کو اس وقت صرف اخراجات کم کرنے کی نہیں بلکہ ایک نئی معاشی سوچ اپنانے کی ضرورت ہے، ایسی سوچ جو پیداوار کو بڑھائے، نوجوانوں کو روزگار دے، صنعت کو مضبوط کرے اور ریاستی اداروں کو عوامی خدمت کا حقیقی مرکز بنائے۔ سوال یہی ہے کہ کیا موجودہ اقدامات ایک بڑے معاشی انقلاب کی ابتدا ہیں یا پھر یہ بھی ماضی کی طرح چند ہفتوں کی کفایت شعاری مہم ثابت ہوں گے؟ اس کا جواب آنے والے مہینوں میں حکومتی عملدرآمد اور نتائج خود دے دیں گے، مگر ایک بات طے ہے کہ اگر پاکستان کو حقیقی معاشی استحکام حاصل کرنا ہے تو صرف بچت نہیں بلکہ پیداوار، اصلاحات اور دیانت دارانہ حکمرانی کو بھی اپنی قومی ترجیحات بنانے کے ساتھ وی وی آئی پی کلچر کو کم کرناہو گا۔

مزیدخبریں