اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں کہا کہ یہ یونیورسٹی عالمی سطح پر آکسفورڈ، اسٹینفورڈ اور ایم آئی ٹی جیسے تعلیمی اداروں کی طرز پر بنائی جائے گی اور یہ اپلائیڈ سائنسز کے میدان میں منفرد مقام حاصل کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس یونیورسٹی کا مقصد نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنا ہے، خاص طور پر ان طلباء کو جو مالی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں لیکن ان کی ذہانت میں کوئی کمی نہیں۔ یہ ادارہ ریسرچ اور اپلائیڈ سائنسز میں عالمی معیار کا تعلیمی مرکز بنے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی کا انتظام حکومت سے آزاد ہوگا اور اس کی مینجمنٹ کو ایک خود مختار بنیاد پر چلایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا مقصد پاکستان کے تعلیمی معیار کو عالمی سطح پر تسلیم کرانا ہے اور اس یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔