اسلام آباد: ملک کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
آج ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری ہو رہی ہے، جبکہ سوات، مینگورہ، مالم جبہ اور دیگر علاقوں میں بھی بادل برسے ہیں۔ کالام، وادی کاغان اور مہوڈنڈ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں، مری، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، بلوچستان کے شمالی علاقے، بالائی سندھ اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا کہ ملک کے بلند پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مظفرآباد، نیلم اور وادی لیپہ میں شدید برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سڑکیں بند ہو چکی ہیں، جس سے نظام زندگی متاثر ہو رہا ہے