اسلامو فوبیا عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

02:10 PM, 15 Mar, 2025

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اسلامو فوبیا عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ایک اہم چیلنج ہے، جس کا مقابلہ عالمی سطح پر کیا جانا چاہیے۔

انسداد اسلامو فوبیا کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو درپیش امتیازی سلوک، نفرت اور تعصب کی سخت مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی جانب سے اسلامو فوبیا کے خلاف پیش کی جانے والی قرارداد کو اہم قدم قرار دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسلام ایک دینِ رحمت ہے جو امن، محبت اور رواداری کا پیغام دیتا ہے، تاہم بدقسمتی سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پراپیگنڈے کا رجحان تیز ہو رہا ہے، جو عالمی امن کے لیے ایک خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے اسلامو فوبیا کے خاتمے کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ نفرت انگیز رویوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر کشمیری، فلسطینی اور دیگر مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔ پنجاب حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کہ تمام اقلیتی مذاہب اور مسالک کو برابری کے حقوق اور عزت ملے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے، اور ہر فرد کو اس کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ایک پائیدار عالمی امن قائم ہو سکے۔

مزیدخبریں