امریکا ایران معاہدہ: آبنائے ہرمز بحالی کے قریب، ٹرمپ

10:01 PM, 15 Jun, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے پر دستخط مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا عمل جاری ہے اور اسے جمعے تک مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے کے تحت ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی موجودہ قیادت نے امن کا راستہ اختیار کر کے دانشمندی اور دوراندیشی کا ثبوت دیا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں کمی آئے گی اور عالمی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ تیل کی قیمتیں کم ہوں اور عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بہتری آئے۔

ٹرمپ نے بتایا کہ معاہدے کی دستخطی تقریب میں ان کی شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم نائب صدر جے ڈی وینس تقریب میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران معاہدے کا مسودہ جمعے کے بعد جاری کرے گا اور اس کی تفصیلات جلد منظرعام پر آ جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی فوری طور پر نہیں کی جائے گی بلکہ یہ تہران کی جانب سے معاہدے کے تقاضے پورے کرنے سے مشروط ہوگی۔

دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عالمی معیشت، توانائی کی منڈیوں اور خطے کے استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

مزیدخبریں