سٹیٹ بینک کا شرح سود 11.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ

03:48 PM, 15 Jun, 2026

کراچی:سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود 11.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس گورنر اسٹیٹ بینک کی سربراہی میں ہوا، جس میں ملکی معاشی صورتحال، مہنگائی کے رجحانات اور مالیاتی استحکام سے متعلق مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پالیسی ریٹ 11.50 فیصد پر ہی برقرار رہے گا۔

واضح رہے کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے پالیسی ریٹ کو 11.5 فیصد پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ بلند شرح سود ملکی معیشت، صنعتی سرگرمیوں اور برآمدات پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔ ان کے مطابق کاروباری لاگت میں اضافہ اور سرمایہ کاری میں کمی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ معاشی ترقی کے لیے شرح سود میں کمی ضروری ہے اور سنگل ڈیجٹ ریٹ کے بغیر صنعتی ترقی اور برآمدی ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔

تاجر برادری کی نمائندہ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ معاشی حالات کے مطابق مانیٹری پالیسی پر نظرثانی کی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔

مزیدخبریں