کراچی: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مسلسل بڑھ رہا ہے، جو ملکی معیشت میں استحکام اور حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری معیشت کے بارے میں مثبت توقعات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بدولت پاکستان اسٹاک ایکسچینج مسلسل نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اقتصادی اشاریے بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ملک کی ترقی اور اقتصادی استحکام کی سمت کا واضح تعین کر دیا گیا ہے، جس سے سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔
وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی ترقی کے تسلسل، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کی معیشت مزید مستحکم ہو اور ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔