آئی جی ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کا دورہ پروم

09:08 AM, 15 Jun, 2026

صوبہ بلوچستان کے بارے میں ملک دشمن عناصر کی جانب سے پسماندگی اور محرومیوں پر مبنی ایک من گھڑت اور گمراہ کن بیانیہ تشکیل دے کر بلوچ عوام کو ریاست کے خلاف گمراہ کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں ،تاہم حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ریاست اور افواج پاکستان کی مربوط کاوشوں کے نتیجے میں بلوچستان آج ترقی،استحکام اور خوشحالی کی نئی منازل طے کررہاہے ۔قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کی بدولت یہ صوبہ پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کی ایک اہم علامت بن چکا ہے۔جنوبی بلوچستان جو کہ ریکوڈک، سینڈک اور سی پیک جیسے بڑے منصوبوں کی موجودگی کے ساتھ ایران اور افغانستان سے ملحقہ طویل سرحدوں کی وجہ سے ہمیشہ غیر معمولی اہمیت کا حامل اور مختلف چیلنجز کا شکار رہا ہے۔ آج ایف سی بلوچستان(ساﺅتھ)کی مسلسل کاوشوں اور لازوال قربانیوں کے باعث ترقی وخوشحالی کی ایک نئی داستان رقم کررہا ہے۔ایف سی بلوچستان (ساﺅتھ) نے سکیورٹی کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح وبہبود کے کاموں پربھی خصوصی توجہ دی ہے۔اسی سلسلے میں گذشتہ دنوں آئی جی ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے ضلع پنجگور کی تحصیل پروم کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے پرواز فاﺅنڈیشن کے زیر انتظام مکمل ہونے والے تین اہم عوامی فلاحی منصوبوں کا افتتاح کیا ۔ جونہ صرف دیرینہ عوامی ضروریات کو پورا کرتے ہیں بلکہ ایک نئے سماجی اعتماد کی بنیاد بھی فراہم کرتے ہیں۔پروم میں قائم جناح ہسپتال کی فعالی اس دورے کا ایک نمایاں پہلو تھا۔ جناح ہسپتال کا1979 میں ایک ڈسپنسری کے طور پر قیام عمل میں لایا گیا، جسے بعد ازاں 1994 میں رورل ہیلتھ سینٹر کا درجہ دیا گیا۔ تاہم 2013سے خستہ حالی کا شکار ہو کر غیر فعال ہو گیا تھا، جس کے باعث مقامی آبادی کو علاج معالجے کے لیے طویل مسافتیں طے کرنا پڑتی تھیں۔ایف سی بلوچستان (ساﺅتھ) پرواز فا¶نڈیشن نے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہسپتال کی مکمل تزئین و آرائش کا بیڑا اٹھایا اور اسے دوبارہ فعال کیا۔اس منصوبے کے تحت عمارت کی نئی چھت تعمیر کی گئی جو بوسیدگی کے باعث گرچکی تھی، دیواروں کی مرمت کی گئی اور اندرونی ڈھانچے کو جدید ضروریات کے مطابق ڈھالا گیا۔ 20 بستروں پر مشتمل اس ہسپتال میں خواتین، مرد اور بچوں کے لیے علیحدہ وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ فارمیسی، جدید لیبارٹری، ایمرجنسی بلاک اور آپریشن تھیٹر کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ضروری طبی آلات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔یہ امر انتہائی اہم ہے کہ اس اقدام کے بعد پروم اور گرد و نواح کی تقریباً پچاس ہزار آبادی کو صحت کی بنیادی سہولیات اپنے ہی علاقے میں میسر آ گئی ہیں، جس سے نہ صرف ان کے مالی اور سفری بوجھ میں کمی واقع ہوئی ہے بلکہ ہنگامی طبی صورتحال میں بروقت علاج ممکن ہو سکا ہے۔اسی دورے کے دوران فاطمہ جناح ہنر کدہ کا بھی افتتاح کیا گیا، جو خواتین کی فنی تربیت اور معاشی خودمختاری کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ ادارہ 2006 میں قائم ہوا تھا لیکن سہولیات کی کمی کے باعث طویل عرصے تک غیر فعال رہا۔ پرواز فا¶نڈیشن نے اس مرکز کو دوبارہ فعال کرتے ہوئے اسے ایک مکمل تربیتی ادارے کی شکل دی ہے۔اس ہنر کدہ میں چار بنیادی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر، سلائی کڑھائی مرکز، بیوٹیشن سنٹر اور دینی تعلیم و تربیت کا شعبہ شامل ہے۔ اس اقدام کا مقصد مقامی خواتین کو نہ صرف ہنر مند بنانا ہے بلکہ انہیں معاشی طور پر خود کفیل بننے کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور دینی تربیت کے پہلو کو بھی لازم کیا گیا تاکہ ایک متوازن اور باوقار سماجی ڈھانچہ تشکیل دیا جا سکے۔ خواتین نے اس اقدام کو بے حد سراہا اور اسے اپنی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی کا آغاز قرار دیا۔ یہ امر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جب بنیادی سہولیات اور تربیتی مواقع فراہم کیے جائیں تو معاشرہ خود بخود ترقی کی راہ پر گامزن ہو جاتا ہے۔اسی سلسلے کی ایک اور اہم پیش رفت پروم میں نادرا رجسٹریشن آفس کا قیام ہے جس کا افتتاح بھی آئی جی ایف سی بلوچستان (سا¶تھ) نے دورے کے دوران کیا ۔ جدید سہولیات سے آراستہ یہ سنٹر مختصر مدت میں تعمیر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل تحصیل پروم میں نادرا آفس موجود نہ ہونے کے باعث عوام کو شناختی دستاویزات کے حصول کے لیے طویل سفر طے کر کے ضلع پنجگور جانا پڑتا تھا جس سے نہ صرف وقت بلکہ وسائل کا ضیاع بھی ہوتا تھا۔ ایف سی بلوچستان (ساﺅتھ)پرواز فاﺅنڈیشن نے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نادرا رجسٹریشن آفس قائم کیا ۔جس میں شہریوں کے لیے کشادہ انتظار گاہ، خواتین کے لیے علیحدہ کا¶نٹر، ڈیٹا انٹری کاﺅنٹر اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ایف سی بلوچستان(ساﺅتھ) پرواز فا¶نڈیشن کے تحت کیے جانے ان اقدامات کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔جنوبی بلوچستان کے ان علاقوں میں جہاں ماضی میں بنیادی ضروریات کی کمی ایک بڑا مسئلہ رہی ہے، وہاں اب ایک واضح تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ صحت، تعلیم، ہنر مندی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے یہ اقدامات اس بات کی دلیل ہیں کہ ترقی کا عمل اب نچلی سطح تک پہنچ رہا ہے اور اس کے ثمرات عام آدمی تک منتقل ہو رہے ہیں۔آج پروم میں جناح ہسپتال، فاطمہ جناح ہنر کدہ کی فعالی ا ور نادرا آفس کا قیام اس بات کا ثبوت ہیں کہ ترقی کا سفرتیزی سے جاری ہے۔ یہ منصوبے صرف موجودہ نسل کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی امید، خوشحالی اور بہتر مستقبل کی بنیاد فراہم کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے عوام ترقی کے ثمرات اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں اور یہی وہ حقیقت ہے جو ہر منفی پراپیگنڈے کا موثر جواب بھی ہے۔آئی جی ایف سی بلوچستان (سا¶تھ) کا دورہ پروم دراصل اس عزم کی تجدید تھا کہ عوامی خدمت، ترقیاتی عمل اور فلاحی منصوبوں کا یہ سفر مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔ایف سی بلوچستان(ساﺅتھ) پرواز فا¶نڈیشن کے یہ اقدامات اس حقیقت کی روشن مثال ہیں کہ جنوبی بلوچستان میں تعمیر و ترقی کا عمل محض دعووں تک محدود نہیں بلکہ عملی شکل میں عوام کے سامنے موجود ہے، اور یہی وہ راستہ ہے جو ایک خوشحال، مستحکم اور ترقی یافتہ بلوچستان کی ضمانت ہے۔

مزیدخبریں