پاکستان سے منسوب ایران-اسرائیل جنگ پر بیان جعلی ہے: سفارتی ذرائع

09:29 PM, 15 Jun, 2025

اسلام آباد: سفارتی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کی ممکنہ جنگ کے حوالے سے پاکستان سے منسوب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا بیان جعلی اور بے بنیاد ہے۔

ذرائع کے مطابق، جس بیان میں پاکستانی اور ایرانی پرچم کے ساتھ پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت میں جوہری ردعمل کا ذکر کیا گیا ہے، وہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے اور اس میں کسی قسم کی حقیقت نہیں پائی جاتی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے امریکا کو اسرائیل کے خلاف ممکنہ ردعمل سے متعلق آگاہ کرنے کے دعوے بھی من گھڑت اور بے سروپا ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق، بعض جعلی پوسٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پاکستانی افواج ایران کے ساتھ جنگ میں شریک ہوں گی، جو کہ قطعی طور پر غلط اور گمراہ کن معلومات ہیں۔

حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ایسی جعلی خبروں سے گمراہ نہ ہوں اور صرف سرکاری و مصدقہ ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔

مزیدخبریں