امریکہ پر حملہ کیا تو امریکی فوج کی ایسی طاقت کا سامنا کرنا ہوگا جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی ، ٹرمپ

03:16 PM, 15 Jun, 2025

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اُس نے امریکا یا امریکی مفادات پر حملہ کیا تو اُسے امریکی فوج کی ایسی طاقت کا سامنا ہوگا جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔ تاہم ساتھ ہی ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان ثالثی کی پیشکش بھی کر دی ہے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹرتھ سوشل" پر بیان میں کہا کہ امریکا کا ایران پر حالیہ حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم چاہتے ہیں کہ ایران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے باز رہے۔"

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے آسانی سے ایک معاہدہ کروا سکتا ہے۔ ان کے بقول، اگر دونوں فریق آمادہ ہوں تو یہ تنازع سفارتی طور پر حل ہو سکتا ہے اور خونریزی روکی جا سکتی ہے۔

اپنی 79ویں سالگرہ کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں امریکی فوج کے 250ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ایک بڑی فوجی پریڈ کی میزبانی کی۔ پریڈ میں ٹینک، جنگی طیارے اور فوجی یونٹوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا، "ہماری فوج لڑنا بھی جانتی ہے اور جیتنا بھی۔ جو بھی امریکا کو چیلنج کرے گا، وہ مکمل شکست سے دوچار ہوگا۔"

ایران کے مطابق یہ رویہ مغرب کی کھلی منافقت ہے: جو حملہ کرتا ہے اُس کا دفاع کیا جا رہا ہے، اور جس پر حملہ ہوتا ہے، اُسے ہی قصوروار ٹھہرایا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں