ایران کے حملوں کے بعد امریکہ نے یوکرین سے میزائل دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کر دیا

11:52 AM, 15 Jun, 2025

واشنگٹن: ایران کی جانب سے اسرائیل پر پے در پے حملوں کے بعد امریکا نے یوکرین سے میزائل دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کر دیے ہیں۔ امریکی وزیردفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایک انٹرویو میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے شہریوں اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا، "ہم سے بار بار پوچھا جا رہا ہے کہ آیا ہم نے یوکرین سے کچھ ڈرون دفاعی نظام مشرق وسطیٰ منتقل کیے ہیں، تو میرا جواب ہے 'ہاں'۔ ہم خطے میں اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔"

دوسری جانب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکا کے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا نے یوکرین کو فراہم کیے جانے والے 20 ہزار میزائل مشرق وسطیٰ منتقل کر دیے ہیں، جو کہ روس کے خلاف جاری جنگ میں یوکرین کے دفاع کو کمزور کر سکتا ہے۔

گزشتہ روز امریکی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے کچھ ممالک نے ایران کے حملے کو روکنے کے لیے اسرائیل کی مدد کی، جس سے خطے میں نئے سفارتی اور سکیورٹی اتحادوں کی موجودگی کا عندیہ ملتا ہے۔

امریکا کے معروف صحافی ٹکر کارلسن نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر اسرائیلی حملوں سے پیشگی آگاہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نہ صرف ان حملوں سے باخبر تھا بلکہ اس نے اسرائیل کی عملی مدد بھی کی۔ ٹکر کے مطابق، "جو کچھ اس وقت مشرق وسطیٰ میں ہو رہا ہے، اس میں امریکا گردن تک دھنسا ہوا ہے۔"

مزیدخبریں