آج اور کل ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور آندھی کا امکان

11:35 AM, 15 Jun, 2025

لاہور :محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج اور کل پاکستان کے کئی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ بیشتر حصوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں دن کے وقت موسم گرم اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم شام کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں، آندھیاں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی موجود ہے۔ میدانی علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے درجہ حرارت میں کچھ کمی آ سکتی ہے۔

گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی، جیکب آباد میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جبکہ بہاولنگر، تربت، لسبیلہ، سبی اور موہنجو داڑو میں 49 ڈگری اور دادو، ساہیوال، سکھر سمیت کئی شہروں میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی اور تیز ہواؤں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزیدخبریں