اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریئٹ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات، جاری معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے حکومت کی جانب سے معیشت کے استحکام، مالیاتی اصلاحات اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جامع اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کے ذریعے کاروباری ماحول بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا اور باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے، سرمایہ کاری میں اضافے اور دوطرفہ تعاون کو نئی جہت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔