پہلے خود کو بدلنا ہوگا , شمون عباسی کا پاکستانی شوبز کو مشورہ

05:19 PM, 15 Jul, 2026

لاہور: معروف اداکار اور فلم ساز شمون عباسی نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز تک نہ پہنچنے کی وجوہات پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ مواقع کا نہیں بلکہ معیار کا ہے۔

ایک ویڈیو بیان میں شمون عباسی نے اس تاثر سے اختلاف کیا کہ پاکستانی مواد کو عالمی پلیٹ فارمز نے مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر جگہ بنانے کے لیے صرف اچھی کہانی کافی نہیں، بلکہ تکنیکی معیار بھی عالمی سطح کا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی پروڈکشنز میں اب بھی کلر گریڈنگ اور دیگر تکنیکی شعبوں پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق جب تک عالمی معیار کے تقاضے پورے نہیں کیے جائیں گے، تب تک بین الاقوامی پلیٹ فارمز تک رسائی مشکل رہے گی۔

شمون عباسی نے مزید کہا کہ اپنی خامیوں کو تسلیم کرکے ان پر کام کرنا ہی کامیابی کا راستہ ہے، جبکہ ہر ناکامی کا ذمہ دوسروں پر ڈالنے سے حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔

ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے، جہاں کئی صارفین نے ان کے مؤقف کو حقیقت کے قریب قرار دیا ہے۔

مزیدخبریں