وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

01:36 PM, 15 Jul, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سمسودین نے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات ہوئی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانٹو کے ساتھ قاہرہ میں ہونے والی اپنی ملاقات کو خوشگوار قرار دیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نہ صرف ایک دوسرے کے قریب ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے، اور ایسے منصوبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کی مکمل حمایت کرتا ہے جن سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو۔

وزیراعظم اور انڈونیشین وزیر دفاع نے دفاعی تعاون کے تحت جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا اور اتفاق کیا کہ ان پر کام کی رفتار تیز کی جائے گی تاکہ عملی پیش رفت جلد ممکن ہو۔

انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے صدر پرابوو کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمنائیں بھی پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ خاص طور پر دفاعی پیداوار کے شعبے میں مزید مواقع تلاش کرنے اور تعاون بڑھانے کا خواہشمند ہے۔

مزیدخبریں